انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق

98

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم نے 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نےآئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل مختصر دورہ پاکستان کا اعلان کردیا،کرکٹ ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی،یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے۔انگلش کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی،دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلیے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی،تاہم جنوری میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی،جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے،یہ دورہ سیزن 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائیٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں ہماری جانب سے اٹھائے گئے عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جوانہیں سال 23-2022 میں ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کے لیے آنے اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنے میں معاونت کرے گا۔