سیرت کائناتﷺ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے، اورنگزیب فاروقی

15

بدین (نمائندہ جسارت) کھوسکی میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے سیرت النبیﷺ و عظمت صحابہؓ و اتحاد امت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر اہلسنت والجماعت علامہ اورنگزیب فاروقی، مرکزی رہنما اہلسنت والجماعت مولانا مسعود الرحمن عثمانی، رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم طارق نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔ کانفرنس میں علما کرام کا کہنا تھا کہ سیرت سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ مومن کا ہر لمحہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر خیر اور آپﷺ کی سیرت و کردار سے معطر ہونا چاہیے۔ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت انسانیت کے ناتواں کندھوں پر بہت بڑا احسان ہے، جس کی حقیقی معنوں میں شکر گزاری سے انسان قاصر ہے، پھر یہ مشکل اس وقت مزید دوہری ہوجاتی ہے جب ذات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے احسانات و انعامات پر نظر جاتی ہے۔ یقینا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے توسط اور نسبت سے پسے ہوئے طبقات کو جو حقوق و مفادات حاصل ہوئے ہیں دنیا کی کسی بھی فکر میں اس قدر مقام و منزلت نہیں دی گئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت کا یہ سایہ صرف ذی شعور انسانوں پر ہی نہیں بلکہ کائنات انسانی کے ہر وجود پر چھایا ہوا ہے۔ علما کرام کا مزید کہنا تھا کہ صحابہ کرامﷺ نے رسالتﷺ اور امت کے درمیان پل کا کردار ادا کیا اور نبی پاکﷺ کے علم اور عمل کو امت تک پہنچایا۔ اسی لیے دفاع صحابہؓ اصل میں دفاع نبوتﷺ ہے، اگر امت کسی نقطے پر اکھٹی ہے تو وہ دین اسلام ہے جو صحابہ کرامؓ نے ہم تک پہنچایا۔ ناموس رسالتﷺ اور ناموس صحابہ کرامؓ کے لیے پہلے بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی ان کے نام پر قربان ہونے کو تیار ہیں۔