لاڑکانہ ،شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، ملزم فرار ،مقدمہ درج نہ ہوسکا

86

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں 22 سالہ خاتون شوہر کے ہاتھوں قتل، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ لاڑکانہ شہر کے حیدری تھانے کی حدود ایوب کالونی میں ملزم بابر کھوکھر مبینہ طور پر گھر کی چھت پر موجود اپنی 22 سالا بیوی عاصمہ پر فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کردی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر پولیس کا کہنا ہے کہ عاصمہ گھریلو تنازع کے بعد شوہر سے ناراض ہو کر اپنے والد نصر اللہ کے گھر آئی ہوئی تھی۔ ملزمان واقعہ کے بعد فرار ہیں، گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولہ کی شادی چار سال قبل بابر کھوکھر سے ہوئی، گھریلو تنازع پر جھگڑے کے بعد عاصمہ چند روز سے اپنے والد کے گھر رہ رہی تھی۔ مقتولہ کی لاش گھر پہنچا دی گئی۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ چانڈکا اسپتال کی مرکزی او پی ڈی میں عملے کی شراب کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوگئی، شہریوں نے کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ چانڈکا اسپتال کی مرکزی او پی ڈی میں دن کے وقت میں ریکارڈ کی گئی وڈیو میں شراب کی بوتل اور برف ٹیبل پر پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق شراب کی بوتلوں کے ساتھ دکھائی دینے والے افراد اسپتال کے ملازمین ہیں جبکہ او پی ڈی بند ہونے کے بعد اسپتال چوکیدار اور عملہ نشے جیسا گھنائونا کام کرتے ہیں۔ دوسری جانب ایسی ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتالوں میں ایسی حرکات میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 اشتہاری و روپوش ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ رکشہ، منشیات اور چنگ چی رکشہ برآمد کرلیا۔ سول لائن پولیس نے دوران چیکنگ ضلع شکارپور کے مختلف تھانوں پر دہرے قتل اور چوری جیسے پانچ سے زائد مقدمات میں اشتہاری ملزم علی شیر مہر، باڈہ پولیس نے دوران گشت باڈہ سے ڈوکری جانے والے لنک روڈ سے منشیات فروش قائم شاہانی کو ایک کلو چرس سمیت اور گابر مسن لنک روڈ سے منشیات اور پولیس مقابلے کے مقدمات میں اشتہاری ملزم مٹھل عرف محبوب بروہی کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سچل پولیس نے ندیم کلہوڑو کا چوری شدہ رکشہ اور ولید پولیس نے فیض برڑو کا چوری شدہ چنگ چی رکشہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔