سلیکٹڈ وزیر اعظم پی ڈی ایم کے جلسے دیکھ کر حواس کھو چکے ہیں

46

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ہمارے پی ڈی ایم کے جلسے اور عوام کی شرکت کو دیکھ کر اپنے حواس کھو چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ جلسوں پر پابندی لگانا چاہتا ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات سے پہلے کورونا نظر نہیں آیا، اس وقت وہ اپنے وزیروں کے ہمراہ جلسے کر رہے تھے الیکشن کے بعد انہیں کورونا نظر آرہا ہے اگر جلسے جلوسوں پر پابندی لگائی تو یہ ہمارے آئینی حقوق پر ڈاکا ہو گا پابندی صرف ایمرجنسی کی صورت میں لگائی جا سکتی ہے اور وہ ایمر جنسی نہیں لگا سکتا ہے کیونکہ اگر اس نے ایمرجنسی لگائی تو وہ خود نہیں رہے گا ہم اپنے شیڈول کے مطابق جلسے جلوس کریں گے جس میں دم ہے ہمیں روک کر دکھا دے اگر حکومت آپے سے باہر ہو گئی ہے تو عوام کو بھی آپے سے باہر ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے ۔وہ یہاں جیلانی ہائوس میرپورخاص میں 30نومبر کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ملتان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ کارکنوں اور عہدیداروں کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینیٹر کرشناکماری ، ایم این اے شمیم آرا پہنور ،میرپورخاص ڈویژن کے صدر پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی ،حیدر آباد ڈویژن کے صدر سید علی نواز شاہ رضوی، گیان چند،نند لعل مالہی اورخیر النساء مغل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا پہلے عمران حکومت نے ہمیں مرغیاں اور بکریاں دیکر ہمیں مالا مال کر دیا اور اب پیٹرول پر فی لیٹر ایک روپے 70 پیسے کم کرکے ہمیں کروڑ پتی بنادیا ہے، انہیں شرم آنی چاہیے ان اقدامات پر۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے آباد گاروں کی بھلائی کے لیے گندم کے سرکاری نرخ دوہزار روپے فی من مقرر کیے ہیں ہم آگے بڑھ کر عمران کو بتا رہے ہیں کہ لوگ بھی تمہارا ساتھ چھوڑ چکے ہیں گلگت بلتستان کے الیکشن میںوفاقی حکومت کی پوری مشینری استعمال کر کے دھاندلی کی گئی لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی نے اکثریت حاصل نہیں کی پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہیں ہمیں ایک پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ہرایا گیا لیکن تم سے تو آزاد بھی جیت گئے اور اب گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کے لیے اے ٹی ایم مافیا سرگرم ہو گئی ہے ہمارے تین جلسوں نے ہی اسے سیخ پہ کر دیا ہے ابھی جلوس اور لانگ مارچ تو ہوا ہی نہیں ہے ہمیں اپنے لیے کوئی ریلیف نہیں چاہیے لیکن ہم عوام کے ریلیف کے لیے جدو جہد کرتے رہیں گے وقت سے پہلے الیکشن ہو نے چاہییں کیونکہ یہ ایک جمہوریت کا حصہ ہے اور عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے اپنے سائے سے ڈرنے والا وہ طریقے استعمال کر رہا ہے جو کسی آمروں نے بھی نہیں کیے اگر حکومت آپے سے باہر نکل رہی ہے تو عوام کو بھی آپے سے باہر نکلنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔