کورونا وائرس کی دوسری لہر میں بڑھتے کیسز کی تعداد تشویشناک ہے

30

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں کورونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر میں بڑھتے کیسز کی تعداد تشویشناک ہے۔کورونا جیسی لاعلاج بیماری کی وجہ سے شادی ہالز، تعلیمی ادارے اور کارباری سرگرمیاں بند کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہوگا۔ شہری کورونا وبا سے بچاؤ کیلیے احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔حکومت کورونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلیے کاروباری پابندیوں کے بجائے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما جماعت اسلامی یوتھ وسطی لاہور ملک عمر کی دعوت ولیمہ جے آئی یوتھ لاہور کے عہدیداران اور تاجر برداری کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔شادی تقریب میں شاہد نوید ملک سیکرٹری جنرل جماعت یوتھ پاکستان، عدنان ملک صدر نیشنل لیبر فیڈریشن لاہور،حسن جٹ ڈپٹی سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ لاہور، وقاص امجد صدر جے آئی یوتھ علاقہ وسطی لاہور، حافظ عبدالرحمن صدر جے آئی یوتھ علاقہ شمالی لاہور و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کورونا وائرس کی پہلی لہر سے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے بہت کم نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد میں سے 95 فیصد صحت یاب ہوگئی ہے تاہم دوسری لہر میں شہر بھر میں تیزی سے بڑھتے کیسز حالات کی سنگین ہونے کا پیش خیمہ ہیں عوام احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پابندیوں کے بجائے ایس او پیز پر عمل درآمد کیلیے عوام میں آگاہی مہم کو موثر بنائے اور شہریوں کو اس کے حوالے سے میڈیا اور دیگر ذریعہ سے آگاہی دی جائے۔