تحفظ بنیاد اسلام بل کومنظوری کے لیے بھیجا جائے، پرویزالٰہی

65

لاہور(نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ پورا گزر گیا اور یہ اب ہفتہ شان مصطفیمنا رہے ہیں۔ہفتہ شانِ رحمتہ للعالمین منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کو فوری طور پر وزیراعلیٰ ہاﺅس سے نکال کر گورنر کے پاس منظوری کے لیے بھیجا جائے کیونکہ خاتم النبیین حضرت محمد کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے لیے اس بل میں سزا بھی مقرر ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر مختلف مکاتب فکر کے علما کرام سے ملاقات کے موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دین کی خدمت اور شانِ رسول منانے کا اصل کام قانون کو پاس کرنے میں ہے، تحفظ بنیاد اسلام بل کے حق میں لاکھوں لوگوں نے جلوس بھی نکالے۔ انہوں نے کہا کہ50 کروڑ مالیت کے سیرت اسکالرشپ دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے سیرت قرآن اکیڈمی سے جوکام شروع کیے تھے اس کو مکمل کیا جاتا، سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور سیرت رسول کی ریسرچ کلاسیں ہونی تھیں، ریسرچ سے پتا چلنا تھا کہ خلفائے راشدین کا حکومت کرنے کا طریقہ کار کیا ہے اور اس سے آج کے حکمران کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، یہ اسکالرشپ ایسے طلبہ کو دی جانی چاہیے، طلبہ کوئی اور مضمون پڑھیں گے تو ایسی اسکالرشپ کا کیا فائدہ۔ انہوں نے کہا کہ سیرت قرآن اکیڈمی کو شہبازشریف نے 10 سال تک تالے لگائے رکھے جبکہڈھائی سال موجودہ حکومت کو ہوگئے لیکن ابھی تک سیرت اکیڈمی میں کوئی کام نہ ہو سکا، سیرت اکیڈمی کا جامعة الازہر اور اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ سے الحاق ہونے جا رہا تھا وہ بھی نہیں ہوا۔ موجودہ حکومت نے ان ڈھائی سال میں سیرت اکیڈمی میں کون سا کام کیا ہے؟۔