کراچی میں نالوں پر قائم 800 مکانات گرانے کا حتمی فیصلہ

31

کراچی(نمائندہ جسارت)کراچی میں برساتی نالوں پر قائم 800 کے قریب مکانات گرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔محکمہ انسداد تجاوزات نے شہر کے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کی تیاری مکمل کرلی ہے۔حکام کے مطابق برساتی نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا کام منظور کالونی سے شروع ہوگا۔عدالت عظمیٰ کے احکامات پر(آج)جمعرات 19 نومبر کو آپریشن کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ انسداد تجاوزات کے تمام ڈائریکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن منظور کالونی فائر بریگیڈ اسٹیشن شہید ملت ایکسپریس وے سے شروع ہوگا،جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔حکام کے مطابق تجاوزات کے خلاف اس آپریشن کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگر عملے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ حکام نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران نالے پر قائم 800 کے قریب مکانات گرائے جائیں گے ۔