شام پر اسرائیلی بمباری 10 فوجی اور جنگجو ہلاک

53

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے ایک بار پھر شام پر حملہ کرتے ہوئے 10 اسدی فوجیوں اور ایران نواز جنگجوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایرانی القدس فورس کے اہداف اور اسدی فوج کے مراکز پر فضائی حملے کیے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملے اس وقت کیے گئے جب اسرائیلی فوج کو اپنی شمالی سرحد کے قریب رکھے گئے جدید ترین دھماکاخیز آلات کا پتا چلا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکاخیز آلات ایرانی فوج نے الفا لائن پر اسرائیلی حصے میں نصب کیے تھے۔ اسد حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں اس کے 3 فوجی مارے گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والے دیگر 7 افراد ایران نواز غیرملکی جنگجو ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بتایا کہ ان فضائی حملوں میں مخصوص فوجی اہداف، گوداموں، ہیڈکوارٹروں اور فوجی احاطوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کے مطابق دمشق ہوائی اڈے پر ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں پر ایران سے آنے والے عسکری رہنماؤں کی میزبانی کی جاتی ہے اور اسے اسدی فوج کے ساتویں ڈویژن کے ہیڈ کواٹرز کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسرائیل گزشتہ چند برسوں کے دوران شام میں ایران سے وابستہ بہت سے فوجی اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے،تاہم وہ اس طرح کے فضائی حملوں کا اعتراف شاذ و نادر ہی کرتا ہے۔ ایران شام میں بشار الاسد کا اہم حلیف ہے۔ دوسری جانب ان فضائی حملے کے بعد مقبوضہ وادی جولان میں اسرائیلی فوج کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ بدھ کے روز اسرائیل نے شمالی سرحد پروادی جولان میں کئی آئرن ڈوم بیٹریاں نصب کیں، تاکہ شام کے اندر سے کسی بھی راکٹ حملے کا بروقت سد باب کیا جا سکے۔
دمشق: اسرائیلی میزائل گرنے سے شعلے اور دھواں اٹھ رہا ہے