نواز شریف کی تقریر پر پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہوگی

34

اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ آج جمعرات کو کیس کی سماعت کریں گے۔ہائی کورٹ میں پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر دکھانے پر پابندی کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ ہیومن رائٹس کمیشن، پی ایف یو جے اور دیگر معروف صحافیوں کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجا کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری اطلاعات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں پیمرا کے نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نہ دکھانے کے یکم اکتوبر کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ پیمرا کی جانب سے الیکٹرونک میڈیا پر غیر آئینی و غیر قانونی قدغن لگائی گئی ہے، یہ احکامات آئین کے آرٹیکل 19 ‘اے’ سے متصادم ہیں جو شہریوں کو آزادی اظہار رائے اور معلومات کی فراہمی کا حق فراہم کرتا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی معلومات کے اسکوپ کا تعین کرے، عدالت تعین کرے کہ کیا ایک اشتہاری اور مفرور شخص کا بیان معلومات کے زمرے میں آتا ہے؟ کیا ریاست کا کوئی ادارہ یا ایجنسی معلومات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال سکتی ہے؟۔