ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں، عبدالحفیظ شیخ

92

اسلام آباد(اے پی پی):وزیرعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچائے بغیرملک کی ترقی اورخوشحالی کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، پائیدارترقی کے لیے جامع بڑھوتری ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں فیوچرسمٹ سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی،’’پاکستان کامستقبل‘‘ اس سمٹ کا موضوع تھا۔وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ اپنے جغرافیائی محل وقوع،زرعی استعداد، معدنی وسائل، وسیع ساحلوں اورقدرتی وسائل سے مالامال وسط ایشائی ریاستوں سے قربت کی وجہ سے پاکستان کو منفردمقام حاصل ہے۔ انہوں نے سمٹ کے شرکا کوغیرملکی سرمایہ کاری کے لیے مقامی مارکیٹ کوکھولنے سے متعلق حکومتی پالیسی سے بھی آگاہ کیا اورکہاکہ حکومت کاروبارمیں آسانیوں اورغیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لییجامع اقدامات اٹھارہی ہے، ان اقدامات کی وجہ سے ملک میں نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ روزگارکے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اداروں کواپنی بنیادوں پرکھڑاکرنااورپائیدارترقی کے عمل کو مرکزی دھارے میں لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔