ایس او پیز پر عمل شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھے گا،عثمان بزدار

27

لاہور(نمائندہ جسارت )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں،صورتحال کاجائزہ لیکر اقدامات اٹھائیں گے، ایس او پیز پر عمل شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھے گا۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے فیصل آباد کی ترقی و خوشحالی کے لیے 13 ارب روپے کے پیکج کااعلان کیا جس کے تحت سڑکیں، پارکس ، سیوریج اور صاف پانی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، صحت او رتعلیم کی سہولتوں کو بہتر بنائینگے۔انہوں نے کہا کہ نئے ماڈل تھانے بنا رہے ہیں،101 نئے تھانوں کی اراضی محکمہ پولیس کو منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس کو 600 نئی گاڑیاں فراہم کی جاچکی ہیں،محکمہ پولیس میں 10ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں ٹریفک کی خراب صورتحال اور عوامی شکایات پرسی ٹی او فیصل آباد کو عہدے سے ہٹادیا ،محکمہ پولیس نے سی ٹی اوفیصل آباد کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میربہروزریکی بلوچ کی قیادت میں نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کوئلے کی کانوںکی لیز اور تجدید پر پابندی اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، مائننگ سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولتیں دینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پارا چنار میں شادی کی تقریب کے دوران چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے،انہوں نے کہاکہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نبی کریمؐ ؐسے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جز ہے، آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں ناقابل .برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐمذہبی منایا جائیگا۔