اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قطر ائر فورس کے کمانڈر میجر جنرل (پائلٹ) سالم حمد النابت نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں چیف آف دی ائر اسٹاف، ائر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاکستان میں قطر کے سفیر سعود عبدالرحمن الثانی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہناتھا کہ پاکستان اور قطر کے مابین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان قطر کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید استحکام اور وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین دفاعی اور فوجی تربیت کے شعبوں میں تعاون کی کافی صلاحیت ہے۔ میجر جنرل سالم حمدالنابت نے پاکستان کی مسلح افواج .کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔