اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کی مقامی کرنسی سے منسلک پہلے قراقرم بانڈ کے اجراء سے 11.4 ملین ڈالر (1.83 ارب روپے) اکھٹے کرلیے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے یہ بانڈ ایک کثیرجہتی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری کیاہے جس کا پاکستان بھی رکن ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قراقرم بانڈ پاکستانی کرنسی میں آف شوربانڈ ہے جو امریکی ڈالرمیں سیٹلڈ ہے، یہ بانڈ ایک بڑے اسٹاک ایکسچینج میں بھی رجسٹرڈ ہے۔ اس پرمنافع کی شرح سال میں 2 مرتبہ کی بنیاد پر 7.50 فیصد ہے اوراس کی میچوریٹی کی مدت 2023 تک ہے۔ بیان کے مطابق یہ بانڈ سٹی گروپ گلوبل مارکیٹس کی مدد سے جاری کیا اور یورپین ایسٹ منیجرز میں اس کی فروخت ہوئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق بانڈز کی فروخت سے حاصل کردہ فنڈز بینک کے معمول کے سرمایہ وسائل میں شامل ہوں گے۔ قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں مقامی کرنسی میں قرضہ نہیں دیاہے۔ اب یہ طریقہ کارمستقبل کے منصوبوں میں ڈالر کے متبادل کے طورپربروئے کارلایا جائیگا، توقع ہے کہ اس اقدام سے پاکستان میں نجی شعبے کوفروغ حاصل ہوگا۔