قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

125

اْن کو ہم نے وہ کچھ دیا تھا جو تم لوگوں کو نہیں دیا ہے اْن کو ہم نے کان، آنکھیں اور دل، سب کچھ دے رکھے تھے، مگر نہ وہ کان اْن کے کسی کام آئے، نہ آنکھیں، نہ دل، کیونکہ وہ اللہ کی آیات کا انکار کرتے تھے، اور اْسی چیز کے پھیر میں وہ آ گئے جس کا وہ مذاق اڑاتے تھے۔ تمہارے گرد و پیش کے علاقوں میں بہت سی بستیوں کو ہم ہلاک کر چکے ہیں ہم نے اپنی آیات بھیج کر بار بار طرح طرح سے اْن کو سمجھایا، شاید کہ وہ باز آ جائیں۔ (سورۃ الاَحقاف:26تا27)
رسول کریمؐ نے فرمایا: ’’میں ساری امتوں میں سے اپنی امت کو قیامت کے دن پہچان لوںگا۔ عرض کیا گیا آپ کیسے پہچانیں گے؟ فرمایا: میں انہیں ان کے اعمال نامے دائیں ہاتھ میں دیے جانے کی وجہ سے پہچانوں گا اور ان کے چہروں کے نورکی وجہ سے پہچانوں گا جو سجدوں کی کثرت کی وجہ سے ان پر نمایاں ہوگا اور انہیں ان کے نور کی وجہ سے پہچانوں گا جو ان کے آگے آگے دوڑ رہا ہوگا۔ (مسند احمد)