پاکستان سپر لیگ 5ویں ایڈیشن میںصرف 3 سنچریاں

144

سید پرویز قیصر
پاکستان سپر لیگ 5 ویں ایڈٖیشن کے34 میچوںکی68 اننگز میں ٖصرف3 کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ اتنے ہی کھلاڑیوں نے ایک اننگ میں90 سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے کامران اکمل نے پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کراچی میں 22 فروری کو اس سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 55 گیندوں پر13چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے101رنز بنائے ۔ یہ میچ پشاورزلمی 6وکٹ سے جیتی تھی۔
جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے ریلی روزیو نے دوسری سنچری بنائی۔ ملتان سلطان کی جانب سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان میں29 فروری کو ہوئے میچ میں انہوں نے44 گیندوں پر10 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 100 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اننگ ختم ہونے سے 2گیندیں قبل سنچری43 گیندوں پر مکمل کی تھی جو پاکستان سپر لیگ میں اب تک سب سے تیز سنچری ہے۔ اس میچ میں ملتان سلطانزکو30 رنز سے کامیابی ملی تھی۔
کریس لین نے موجودہ پاکستان سپر لیگ میں سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے اس بلے باز نے لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانزکے خلاف لاہور میں15 مارچ کو ہوئے میچ میں55 گیندوں پر12 چوکوں اور8چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر113 رنز بنائے تھے اور ٹیم کو میچ میں 9 وکٹ سے کامیابی دلائی تھی۔
آسڑیلیا سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے بین ڈنگ نے لاہور میں8 مارچ کو کراچی کنگس کے خلاف 40 گیندوں پر3 چوکوں اور12 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر99 رنز بنائے تھے۔ میچ کے آخری اوور میں لاہور قلندر کو4 رنز درکار تھے اور بین ڈنک93 رنز پر بلے بازی کررہے تھے۔کیمرون ڈیلپورٹ آخری اوور کرانے آئے تھے۔ پہلی ہی گیند پر بین ڈنک نے شاندار چھکا لگاکر ٹیم کو تو جیت دلادی مگروہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میںپہلی سنچری سے محروم رہے۔12 چھکوں کے ساتھ وہ پاکستان سپر لیگ میں وہ ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس سے پہلے انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور میں 93 رنز کی اننگ میں 3 مارچ کو10 مرتبہ بال کو بائونڈری لائن کے باہر کی سیر کرائی تھی۔
محمد حفیظ 2 رنز کی کمی کی وجہ سے ٹوئنٹی ٹوئنٹیکرکٹ میں تیسری سنچری سے محروم رہے تھے۔ انہوں نے لاہور قلندرز کی جانب سے اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف لاہور میں23 فروری کو کھیلے گئے میچ میں57 گیندوں پر7 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر98 رنز بنائے تھے۔ انکی اس شاندار اننگ کے باوجودلاہور قلندر کو اس میچ میں ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔
گذشتہ سال صرف2 بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ اتنے ہی بلے بازوںنے ایک اننگ میں 90 رنزسے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس میں احمد شہزاد 99 کا شکار ہوئے تھے۔