اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کورونا کی دوسری لہر کے باعث اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو.
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس ایک عالمی حقیقت ہے یہ کسی ذہن کی اختراع نہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ عدالتی فیصلہ بھی آچکا، اب اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو، عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ خدانخواستہ اگر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کے ذمہ داران اپوزیشن رہنما اور جلسوں کے منتظمین ہوں گے۔
کرونا وباء ایک عالمی حقیقت ہے یہ کسی ذہن کی اختراع نہیں۔عدالتی فیصلہ بھی آچکا،اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو۔عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔خدانخواستہ اگر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کے ذمہ داران اپوزیشن رہنما اور جلسوں کے منتظمین ہوں گے۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) November 20, 2020
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے پولیٹکل سیکریٹری ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ ن لیگی نائب صدر مریم نواز پنجاب کے مختلف اضلاع میں جلسوں کی حکمت عملی طے کریں گی اور ملتان، لاہور اور دیپالپور جلسوں کو کامیاب کرنے کے لیے مریم نواز خود نگرانی کریں گی، مریم نواز سہ پہر ملتان جلسے سے متعلق مختلف اضلاع کی قیادت سے ملاقات کے ساتھ ساتھ دیپالپور جلسے کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت بھی کریں گی.
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب کرانے کے لیے طلبہ اپنا کردار ادا کریں.
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم کے تحت ملک بھر میں جلسوں کی صورت میں حکومت مخالف تحریک شروع کی گئی ہے.
اپوزیشن جماعتوں نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ، 18 اکتوبر کو کراچی اور 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں کیا تھا جبکہ چوتھا جلسہ 22 نومبر کو پشاور میں، پانچواں جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں، چھٹا جلسہ 13 دسمبر کو لاہور اور ساتواں جلسہ 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں کرنے کا اعلان کیا ہے.