جیکب آباد :پانی ،بجلی اور جگہ جگہ بکھری غلاظت کیخلاف احتجاج

21

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی اور جے ٹی آئی کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی، گیس کی لوڈشیڈنگ، گندگی اور ڈرینیج کا بدبو دار پانی روڈوں پر موجود ہونے کیخلاف مظاہرہ، شہر میں مارچ اور دھرنا۔ جمعیت علماء اسلام اور جمعیت طلبہ اسلام کی جانب سے پینے کے پانی کی عدم فراہمی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، گندگی اور بدبودار ڈرینیج کا پانی روڈوں پر کھڑے ہونے کیخلاف ایک احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، جے ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری غلام مرتضیٰ حیدری، انجینئر حماداللہ انصاری، حافظ محمد رمضان سومرو، تاج محمود امروٹی، محکم الدین بروہی، عبیداللہ رند، چاکر خان جکھرانی اور دیگر کی قیادت میں دفتر جے یو آئی جیکب آباد سے نکالا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے۔ مظاہرے میں شامل شہری اور کارکنان نے شہر کے مختلف راستوں سے مارچ کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کے بعد شہر کے اہم ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر چاروں طرف سے روڈ بلاک کردیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ دو ارب کے پینے کے پانی کی میگا اسکیم مکمل ہونے کے باوجود شہریوں کو پانی فراہم نہ کرنا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ دوسری طرف بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے سبب عوام تکلیف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندگی اور نالیوں کا بدبودار پانی شہر کی شاہراہوں اور گلیوں میں ہونے کے سبب شہری عذاب میں مبتلا ہیں اور بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد پینے کے پانی کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم اور صفائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا۔