مہنگائی، بے روزگاری نے لوگوں سے جینے کا حوصلہ بھی چھین لیا

47

سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ بھارت نے 70 سال ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے دو سال میں پہنچایا ہے۔ بدترین مہنگائی، بے روزگاری نے لوگوں سے جینے کا حوصلہ بھی چھین لیا ہے، عوام مایوس ہوچکے ہیں، پی ڈی ایم عوام کے لیے امید کی کرن بن چکی ہے، جلد حکومت کا خاتمہ کر کے عوام کو نجات دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے قریب گوٹھ بھڑو شریف میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ راشد سومرو کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمران عالمی استعماری قوتوں کے ایجنٹ ہیں، وہی ان کے پشت و پناہ بنے ہوئے ہیں، ان کو ملک، عوام اور جمہوریت سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ عمران نیازی نے کرپشن کا ڈھنڈورا پیٹ کر معیشت کا بیڑا غرق کردیا، اب نئے بلدیاتی نظام کا لولی پاپ دے کر لوگوں کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران کبھی دہشت گردی، کبھی کورونا کی آڑ میں چھپنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر اب ان کو کوئی ریلیف اور این آر او نہیں ملے گا۔ ان کو جلد اپنا بوریا بستر گول کرنا ہوگا، ورنہ اس عوامی سیلاب نے اسلام آباد کا رخ کیا تو ان کو کہیں جائے پناہ بھی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام علامہ ڈکٹر خالد محمود سومرو کانفرنس میں لاکھوں کارکنان شرکت کر کے سندھ کو باب اسلام بنانے کا عزم و عہد کریں گے۔ اس موقع پر مولانا عبدالکریم عباسی، قاری عبدالغفار سومرو، مولانا عبدالحق مہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔