دھابیجی، الطاف جسکانی کے قتل کیخلاف احتجاجی ریلی

68

دھابیجی (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی کے قتل کیخلاف دھابیجی میں ایس ٹی پی کے رہنماؤں عمر ناہیو، اللہ بچایو کلمتی، قومی عوامی تحریک کے رہنما آصف جوکھیو کی قیادت میں کارکنوں نے غریب آباد مارکیٹ بس اسٹاپ سے پریس کلب تک ریلی نکالی، مظاہرین سخت نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایس ٹی پی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی کو نامعلوم ملزمان کی جانب سے گولیاں مار کر بیدردی سے قتل کیا گیا جس کیخلاف پورا سندھ سراپا احتجاج ہے اور صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ پولیس تاحال قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ الطاف جسکانی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ بصورت دیگر ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔