دھمکیاں ملنے پرشکیب الحسن نے سیکورٹی گارڈ رکھ لیا

136

بنگلادیش کے معروف آل راؤنڈر شکیب الحسن کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر سیکورٹی گارڈ فراہم کر دیا گیا۔

بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کے مطابق شکیب الحسن کو ملنے والی دھمکیوں پر کرکٹر کو سیکورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو بی سی بی نے مسلح گارڈ فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نامور کھلاڑی کی جان کو درپیش خطرات پر سیکورٹی دی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مقامی کرکٹر کو بورڈ کی جانب سے مسلح گارڈ رکھنے کی اجازت ملی ہے۔ اس سے قبل  بنگلادیش لیگ،آئی سی سی ایونٹس اور دیگر غیرملکی آفیشلز کو ہی سیکورٹی گارڈز فراہم کیے جاتے تھے۔

شکیب الحسن نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار میں شرکت کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر دھمکیاں دی جارہی تھیں۔پولیس نے دھمکیاں دینے والے ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔

آل راؤنڈر نے شرکت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے عمل سے جو لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں وہ اس پر معافی مانگتے ہیں۔