لاہور(جسارت نیوز) دورہ نیوزی لینڈ کیلئے اعلان کردہ قومی ا سکواڈ کی مقامی ہوٹل میں کورونا ٹیسٹنگ کا عملمکمل ہوگیا ہے جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بھی مقامی ہوٹل میں رپورٹ کر دی۔ قومی اسکواڈ اور پاکستان شاہین میں شامل سپورٹ ا سٹاف بھی مقامی ہوٹل پہنچ گیا، دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جمعہ کی رات ہی لاہور پہنچ گئے تھے اور اب ان سب کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کورونا ایس او پیز کے پیش نظر کھلاڑی کا لاہور میں ٹیسٹ مثبت آگیا تو اس کو سیریز میں شرکت سے محروم ہونا پڑے گا۔ نیوزی لینڈ پہنچ کر بھی اسکواڈ کو 14 روز کا قرنطینہ کرنا ہے، کرکٹرزاورآفیشلز کل علی الصبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھریں گے۔نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹرز کو 14روزبعدگھومنے پھرنے کی اجازت مل جائیگی۔