یہ وقت سیاست یا جلسوں کا نہیں، کورونا سے بچائو کا ہے، گورنر پنجاب

58

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جلسوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے سے باز رہے یہ وقت سیاست کرنے یا جلسوں کا نہیں کورونا سے بچائو کا ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے پاکستان میں بھی امریکا جیسی کورونا صورتحال ہوسکتی ہے، حکومت بھی کورونا کی وجہ سے ہی جلسے اور بڑے اجتماعات نہیں کر رہی، مستحق اور نادار
بچوں کیلیے گورنر ہائوس کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور صوبائی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ہفتۂ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن کے بچوں کے ا عزاز میں ظہرانہ دیا گیا، اس موقع پر فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی طر ف سے بجھوائے گئے تحائف بچوں میں تقسیم کیے گئے۔ میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا ہر معاملے پرسب سے پہلے سیاسی اور ذاتی مفادات کو ترجیح دینا معمول بن چکا ہے کورونا موجودہ حکومت نہیں لے کر آئی بلکہ آج پوری دنیا میں کورونا ہے جس سے بچائو کیلیے دنیا لاک ڈائون کی طرف جا رہی ہے اور اپوزیشن خود لاک ڈائون کا مطالبہ کرتی رہی ہے لیکن آج جب پہلے سے زیادہ کورونا موجود ہے تو یہ جلسے کر رہے ہیں جو ملک وقوم کے مفادمیں نہیں کیونکہ جلسوں سے کورونا ایک بار پھر بے قابو ہوجائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کو آج بھی عام آدمی کی فکر ہے، انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی ہے اور پہلے بھی اسکے مثبت نتائج نکلے ہیں اور اب بھی یہ پالیسی کامیاب ہوگی، ہمیں پہلے لوگوں کی جان بچانی ہے حکومت این سی او سی میں کورونا پر قومی پلان دے چکی ہے جس پر عمل کر نا سب کی ذمے داری ہے۔