نفاذشریعت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، محمد حسین محنتی

42
کراچی :امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ انسانی زندگی میں تعلیم وتربیت کی بڑی اہمیت ہے، پاکستان واسلام ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں، شریعت کے نفاذ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جمعیت طلبہ عربیہ ایسے نوجوان تیار کرے جو معاشرے کے قائد وامام بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں منعقدہ جمعیت طلبہ عربیہ کی سہ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر منتظم کراچی مولانا اعجاز الحق اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دنیا محض کھیل تماشے کا نام نہیں ہے، فرمایا گیا کہ ہم نے انسان کو ایک مقصد وامتحان کے لیے پیدا کیا، کامیابی وناکامی ،شیطان ورحمن اور نیکی وبدی کا راستہ بھی بتادیا۔ایمان والے تو پیدا ہی کامیابی یعنی جنت کے حصول کے لیے ہیں ۔صوبائی امیر نے دینی مدارس کے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں اور اسے اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں ، اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اس لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اقامت دین کے لیے خرچ اور صلاحیتوں کو بڑھاکر معاشرے میںاپنا ایک معزز مقام بنائیں۔قبل ازیں امیر صوبہ کا تربیت گاہ کے شرکا نے کھڑے ہوکر بھرپوراستقبال اورمنتظم کراچی نے انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔