سندھ حکومت700 ارب روپے کراچی پر خرچ کرے،اسد عمر

49

کراچی(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کراچی میں ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کے خواہاں ہیں، اس دفعہ باتیں نہیں کراچی میں کام ہوتا نظر آئے گا، اگلے سال کے وسط تک گرین لائن چلا دی جائے گی،وفاق سندھ حکومت کے ساتھ ہر معاملے میں تعاون کررہا ہے۔ یہ باتیںوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی امور اسد عمرنے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ GL-16 نمائش انڈر پاس کے ایٹ گریڈ ورکس کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسد عمر نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے لیے 700ارب کے منصوبے رکھے ہیں تو خرچ کیے جائیں،پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکیج کا کراچی کیلیے اعلان کیا گیا تھا ، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ آنے والے ہفتے میں وہ تمام منصوبوں کا جائزہ لیں گے تو ہم کراچی پیکج بھی ان کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹرانسپورٹ بہتر بنانے کے لیے کام ہو رہا ہے ،کراچی میں 5منصوبے وفاق کی ذمے داری تھی ان میں کے فور شامل ہے،
2ریلوے کے منصوبے ہیں اور گرین لائن سمیت چاروں منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جبکہ گرین لائن پر عملدرآمد آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اگلے سال کے وسط تک گرین لائن یہاں چلتی ہوئی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پانچواں کام نالوں کی صفائی اور ان کی ازسرنو تعمیر ہے جس کیلیے سندھ حکومت نے وہاں سے تجاوزات کو ہٹانا ہے اور وہاں موجود لوگوں کے لیے متبادل انتظام کرناہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ جزیروں سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے، وفاق نے جزیرہ جیب میں لے کر بھاگ تو نہیں جانا، جو بھی ترقی ہو گی سندھ کے لیے ہو گی، کراچی کے لوگوں کو روزگار اور سندھ کو ریونیو ملے گا۔