گلگت بلتستان: حلقہ ایل اے 3 میں پولنگ کا عمل شروع

162

گلگت بلتستان کے حلقے جی بی ایل اے 3 میں ملتوی ہونے والی پولنگ کا عمل آج جاری ہے جبکہ شدید سردی کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کرنے گھروں سے نکل آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے حلقے جی بی ایل اے 3 میں ملتوی ہونے والی پولنگ آج ہورہی ہے  اور الیکشن کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور ووٹرز کا جوش وخروش قابل دید ہے۔

واضح رہے حلقے ایل اے 3  میں پی ٹی آئی امیدوار جعفرشاہ کے انتقال کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔

 الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ جی بی ایل اے3  میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ  ووٹنگ کے لئے تہتر پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مردوں کے31، خواتین کے35 اور 7مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر ڈیڑھ سو پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 81مردوں کےلئےاور 69خواتین کےلئےمختص کئے گئے ہیں جبکہ حلقہ نمبر3 میں رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد41ہزار360ہے، جن میں مرد ووٹرزکی تعداد 22ہزار341 اورخواتین ووٹرز کی تعداد19ہزار19ہے۔

پی ٹی آئی نے مرحوم جعفرشاہ کی جگہ ان کے بیٹے سہیل عباس کوٹکٹ دیا ہے، ن لیگ نےذوالفقارعلی اور ق لیگ نےکیپٹن (ر)محمدشفیع کومیدان میں اتاراہے۔

پیپلزپارٹی کےصوبائی نائب صدر آفتاب حیدر اس حلقےسے امیدوارہیں اور سابق وزیر تعمیرات محمد اقبال بھی آزاد امیدوارکی حیثیت سے مقابلے میں شامل ہیں۔