ماہی گیری کی بہتری کیلیے حکومت اہم ترین اقدامات کررہی ہے

57

لسبیلہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر برائے ساحلی ترقی میر عبدالرئوف رند نے کہا ہے کہ 21 نومبر ماہی گیروں کا عالمی دن آج ہم سب اپنے ماہی گیروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے مناتے ہیں بلوچستان کے ماہی گیروں اور شعبہ ماہی گیری کی بہتری کیلیے حکومت بلوچستان اہم ترین اقدامات کررہی ہے ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے بلوچستان حکومت کی انب سے ایک بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہی گیروں کے عالمی دن کی مناسبت سے بلوچستان فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے حب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے چیئرمین بلوچستان فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی سردار کامران لاسی جاپانی قونصلیٹ توشی کازو وائس چیئرمین بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی محمد اشرف اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بلوچستان میں کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال خان عالیانی نے سردار کامران لاسی کو بلوچستان کوسٹل سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کے لیے صوبے کی سطح پر ایک پلیٹ فارم کی تشکیل کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی جس پر انہوں نے ڈیڑھ سال کے عرصے کی کاوشوں کے بعد بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے نام سے بلوچستان کے ماہی گیروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جس نے بلوچستان کے ماہی گیروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلیے صوبائی اور وفاقی سطح پر بہترین کردارادا کیا ۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ماہی گیروں کے ذریعے معاش میں بہتری لانے کے گرین بوٹس کا پروگرام تشکیل دیا ہے اس کے علاوہ کوسٹل ایریا میں زرعی انقلاب لانے کے لیے مینگروز کی پلاٹیشن کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کے لیے حکومت بلوچستان نے ایک بلین روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان کوسٹل پر مختلف مقامات پر ٹورازم سینٹر قائم کیے جائیں گے حکومت بلوچستان کی جانب سے 8مقامات پر ٹورازم سینٹر قائم کرنے کا پروگرام ہے جن میں سے دو پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری فشریز شاہد سلیم سمیت علاقہ معززین اور ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ماہی گیری کے شعبے میں قربانیاں دینے والے ماہی گیروں کو اعزازی شیلڈ سمیت مہمانوں کو اجرکیں پہنائی گئی۔