خادم حسین رضی کی رسم قل میں علما،مشائخ اور کارکنان کی شرکت

79

لاہور (آن لائن)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی رسم قل جامعہ مسجد علی ہجوری میں ادا کی گئی جس میں مولانا خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد حسین رضوی، سندھ اسمبلی کے رکن مفتی قاسم فخری ، رکن شوری و امیر کراچی مولانا رضی حسینی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن، امیر کشمیر مولانا عبدالغفور ،پختوانخوا کے امیر ڈاکٹر شفیق امینی سمیت و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان کے نومنتخب سربراہحافظ سعد حسین رضوی نے ناموس رسالت کے تحفظ اور ختم نبوت کی پاسبانی کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ہر جانب سے اسلام اورناموس رسالت و پاکستان کی طرف تیروں کو سینوں پر لیں گے ،وعدہ کرتاہوں ناموس رسالت کے تحفظ اور ختم نبوت کی پاسبانی اور دین کو غالب کریں گے ،ریاست و سیاست میں لبیک یارسول اللہ کا نعرہ لگائیں گے ، ہرظالم کا ہاتھ روکیں گے ،مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں گے ،زبان اور دھڑکٹواسکتے ہیں لیکن ختم نبوت ؐپر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے، حکومت نے معاہدے سے کوئی رو گردانی کی تو مجلس شوریٰ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ والدمحترم نے ہمیشہ امت مسلمہ کی بات کی ،کشمیر کا مسئلہ ہو،فلسطین کی بات ہو یا کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتا تو ایک انسان تڑپ اٹھتا تھا وہ انسان خادم حسین رضوی تھا۔ میں امیر بنا نہیں بنا دیا گیا ،مجھ پر بھاری ذمے داری ڈال دی گئی ہے ۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی نے اپنے آپ کو حسینیت کے کردار میں ڈالا، وہ جن کی آنکھوں میں کھٹکتے تھے وہ مت سمجھیں ان کے کلیجے ٹھنڈے ہو جائیں گے، انہوںنے محبت رسول کے جو جو شعلے لوگوں کے دلوں میں جلائے ہیں وہ دشمنوں کو بہاکر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبان تخت و تاج نے 126 دن دھرنا دیا تو ایک شیل نہ گرا لیکن عاشقان مصطفی پر شیلنگ کی گئی ،وہ ہاتھ ٹوٹ جائیں اور وہ زبانیں گر جائیں جنہوں نے عاشقان رسول پر شیل چلائے اور اس کے آرڈر دیے۔ مولانا عبد الغفور نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہے کشمیر کی آزادی کے لیے خادم رضوی مجاہدین پیدا کررہے تھے ،مقبوضہ کشمیر کی مائوں بہنوں کا بھارت سے بدلہ لیں گے، فلسطین کو آزاد کروائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لائیں گے۔ علامہ غلام عباس فیضی نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایف اے ٹی ایف کے ذریعے مدارس کو قابو کرنا چاہتی ہیں، غداروں سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔مولانا فاروق الحسن قادری نے کہا کہ ممتاز قادری کاپھانسی پر چڑھ کرمشن کمزور نہیں ہوا،خادم رضوی کا نظریہ اسلام کا نظریہ ہے جو کبھی مدہم نہ ہوگا۔