سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے شادی ہالز اور مارکیٹس رات 9 بجے پابندی سے بند کرنے کی ہدایات، کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ملک میں کورنا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں کورونا ایس او پیز کے تحت اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈی آئی جی سکھر پولیس فدا حسین مستوئی، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے کورونا سے بچائو کے لیے اعلان کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں شادی ہالز اور تمام مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز رات 9 بجے پابندی کے ساتھ بند کروائے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور مارکیٹس بند کروانے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں مشترکہ ایکشن کمیٹی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں تاجر تنظیموں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے اپنے آفس کے عملے اور افسران سمیت ڈویژن کے ہر آفس میں کورونا سے بچائو کے لیے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے ہیڈز اپنے دفاتر میں ماسک پہننے کو یقینی بنائیں اور نوٹس بورڈز اور دروازوں پر ماسک پہننے کے سلسلے میں اور احتیاطی تدابیر کو آویزاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبائی بیماری ہے اس لیے سب کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کہا کہ پرائمری اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچائو کی ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اس سلسلے میں اپنی ذمے داری محسوس کریں اور اسکولوں کا معائنہ کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، اس لیے سب کو مل کر احتیاطی انتظامات پر عمل کرنا ہوگا۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ سول اسپتال سمیت تعلقہ اسپتالوں اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں کورونا وارڈز کو تیار رکھا جائے اور اسپتالوں میں عملے و ڈاکٹرز کی حفاظت کے لیے ماسک اور دیگر سیفٹی کٹس پہننے کو یقینی بنایا جائے۔