واجد ضیا نے وزراء اور سیاستدانوں سے ملاقات پر پابندی لگا دی

62

اسلام آباد(آن لائن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیانے سیاستدانوں اور وزراء سے ملاقات کرنے، ان کی کالیں سننے اور ملنے پر پابندی عاید کر دی ہے۔ ٹیلیفون کالیں اور بات نہ سننے پر وزراء اور بڑے سیاستدانوں نے وزیراعظم عمران خان کو شکایت کی ہے اور واجد ضیا کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم عمران خان نے واجد ضیا کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور سیاسی رہنمائوں کے اثرورسوخ سے بالاتر ہو کر لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے نے وفاقی وزراء اور سیاستدانوں کو ٹیلیفون کالیں سننا اور ملاقات کرنے سے انکار کر رکھا ہے اور اپنے ماتحت عملہ کو
بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما یا کسی وزیر کی ٹیلیفون کال سے بات نہ کرائی جائے۔ واجد ضیا دیانتدار شخص ہیں جنہوں نے پاناما لیکس پر بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کے طور پر شریف خاندان کیخلاف شفاف تحقیقات کر کے نیک نامی کمائی۔ اب وہ ڈی جی ایف آئی اے ہیں اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کے اربوں روپے برآمد کرنے کے لیے ملزمان کے خلاف تحقیقات کرنے میں مصروف ہیں اور کئی وزراء بعض کرپٹ لوگوں کی سفارش کرنا چاہتے ہیں لیکن واجد ضیا نے وزراء اور طاقتور سیاسی رہنمائوں سے نہ ملاقات کرتے ہیں اور نہ کالیں سنتے ہیں۔