جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے آڈٹ کا معاملہ‘ ایف بی آر کا نوٹس معطل

59

لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کوآڈٹ کے لیے سلیکٹ کرنے سے متعلق ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کومعطل کردیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جوادحسن نے جے ڈبلیو ڈی ملز کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میںموقف اپنایا گیاکہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز کے گزشتہ5برس کا آڈٹ شروع کر دیاگیا ہے، قانون کے مطابق ان لینڈ ریونیو کو شوگر ملز کے گزشتہ سالوں کا آڈٹ کرنے کا اختیار
نہیں ،جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے گزشتہ برسوں کے آڈٹ کے نوٹس کیخلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس اعتراضات داخل کیے، کمشنر ان لینڈ ریونیو نے موقف سنے بغیر اعتراضات مسترد کر دیے، کمشنر ان لینڈ ریونیو کا اعتراضات کو مسترد کرنا آئین کے آرٹیکل 4،10 اے اور4کی خلاف ورزی ہے۔استدعا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ہونے والی کارروائی کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اورایف بی آر کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روکا جائے، حتمی فیصلے تک وفاقی حکومت اور ایف بی آر کے درخواست گزار کے نوٹس معطل کیے جائیں۔