تھر، سسرالیوں کی جانب سے لڑکی کے مبینہ قتل کے تصفیے کیلیے جرگا

41

تھر(مانیٹرنگ ڈیسک)تھرکے علاقے مٹھی میں خودکشی کرنے والی لڑکی کو سسرال والوں کی جانب سے مبینہ طور پر قتل کیے جانیکا انکشاف ہوا ہے۔مٹھی کے علاقے ڈیپلو کی رہائشی 22سالہ گیتاسوٹھرکی 6 نومبرکوپھندا لگی لاش ملی تھی،ابتدائی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم کے بعد تھانہ ڈیپلو پولیس نے خود کشی کامقدمہ درج کیاتھا۔12نومبر کو لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں بہن کے سسر اور دیورکے خلاف ایک اورمقدمہ درج کرایاگیا جس میں گیتا پر تشددکا الزام عائدکرتے ہوئے قتل کی دفعات شامل کرائی گئیں۔اب 20 نومبرکی رات کوگیتاسوٹھرکی موت کے تصفیے کیلیے ہونے والے جرگے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ویڈیو کے مطابق پیپلزپارٹی کیسابق کونسلر رنجیت سوٹھراور مہادیو سوٹھرکی سربراہی میں ہونے والے جرگے میں گیتاکے سسر اور دیور نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کرتے ہوئے تحریری معافی نامہ بھی جمع کرایا۔جرگے نے فیصلہ دیاکہ دونوں افراد 15لاکھ روپے ایک ماہ میں ورثاء کو ادا کریں گے اور پیسے ملنے پرگیتاکے ورثاء مقدمہ واپس لینے کے پابند ہوں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی تفتیش کے مطابق گیتا نے خودکشی کی ہے اور اس کا قتل نہیں کیاگیا تاہم جرگے کی وائرل ویڈیوکا بھی جائزہ لیاجارہاہے۔