لاہور(نمائندہ جسارت )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت روز فلاح عامہ کے منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم صرف سازشوں میں مصروف ہے، یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنج درپیش ہیں، افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ ہے، اپوزیشن سن لے لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ظفروال، سمبڑیال اور سیالکوٹ ، سہولت بازار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں آٹا مقررہ نرخ پر دستیاب ہے، چینی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں،سہولت بازار میں چینی 81 روپے کلو فراہم کی جا رہی ہے، منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا،وزیراعلیٰ کی سہولت بازار میں انصاف کی اپیل کرنے والی خاتون کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعلیٰ نے عمدہ کارکردگی پر تھانہ سیالکوٹ ائرپورٹ کے عملے کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔