کراچی(نمائندہ جسارت)پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے فنکار کشمیر کے حقیقی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں گے، گورنر ہاؤس میں تشکیل شدہ کلچرل ایڈوائزری بورڈ کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیری ثقافت کو تباہ کیا ہے ،پاکستانی اور کشمیری
فنکار مل کر بھارتی ڈیزائن کو ناکام بنانے کے لیے کام کریں گے،مودی حکومت کشمیری قوم کی شناخت اور فخر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، ہم اسے روکنے کی کوشش کریں گے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ چاروں صوبوں اور آزادکشمیر میں ملاقات کے بعد قومی اسمبلی میں اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ بھارت اور دنیا تک یہ پیغام پہنچایا جا سکے کہ پاکستان کشمیر کے لیے اپنے فنکاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ اجلاس میں اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان ، ڈاکٹر فہد مرزا، اداکار ہمایوں سعید ، فہد مصطفی ، عدنان صدیقی ، بلال اشرف ، علی رحمن خان ، ثروت گیلانی، گلوکار شہزاد رائے اور دیگر کھیلوں اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔