آزاد کشمیر اسمبلی: کشمیریوں پر مظالم کے خلاف عبدالرشید کی قرارداد

55

مظفرآباد (صباح نیوز) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی مظالم، گجر اور بکروال قبائل کے گھروں کو زمین بوس کرنے کے بارے میں قرارداد پیش کردی، قرار داد میں بھارتی فوج کے بڑھتے مظالم پر اظہار تشویش،عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی اداروں اور نومنتخب امریکی صدر سے نوٹس کا مطالبہ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، جس کے نتیجے میں سرچ آپریشن کے نام پر معصوم نوجوانوں کی شہادتوں اور مال و اسباب کی لوٹ مار اور گھروں کو نظر آتش کرنے، گجر وار بکروال قبائل کے گھروں کو زمین بوس کرتے ہوئے کشمیریوں کو زندہ رہنے کے لیے بنیادی وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے، جہاں وہ نسلوں سے آباد تھے، بھارت کی اس استعماری حکمت عملی کے نتیجے میں منفی درجہ حرارت کے سرد موسم میں ہزاروں خاندان کسی پناہ کے بغیر کھلے آسمان تلے حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں، نیز نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے نام پر بی جے پی کے نظریات کی مخالفت کرنے والے ہزاروں عام شہریوں اور کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، قائدین حریت پر NIA کے ذریعے نت نئے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں اور ریاستی دہشت گردی کے ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود قائدین حریت، حریت پسند عوام اور مجاہدین استقامت سے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں جس پر یہ ایوان انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ منزل کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اجلاس عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو بھی متوجہ کرتاہے کہ وہ فی الفور مودی حکومت کی استعماری اور فاشسٹ حکمت عملی کا توڑ کرنے کیلیے دو ٹوک مؤقف اختیار کریں، بھارت پر سفارتی، تجارتی اور دفاعی دبائو ڈالیں تا کہ مسئلہ کشمیر حل ہو۔ایوان امریکی صدر جوبائیڈن کو کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع رکھتا ہے کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد کشمیر کے حوالے سے دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوںکے حق خود ارادیت کو یقینی بنائیں گے۔