نظام کی تبدیلی کیلیے لانگ مارچ کے عزم پر قائم ہیں، شاہد خاقان

60

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کیلیے جلسوں اور لانگ مارچ کے عزم پر قائم ہیں، غیر آئینی طور پر آنے والی حکومت کے رہنے کا جواز نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں ہوسکتی وہ ہمیں کیا دے سکتی ہے؟ ہمیں اقتدار نہیں چاہیے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات ممکن نہیں ہم ایک خرابی سے مذاکرات نہیں کریں گے ہماری جدوجہد حکومت گرانے کیلیے نہیں نظام کی تبدیلی کیلیے ہے، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے نہیں ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے پیغام آتے ہیں لیکن مجھے نہیں آیا، پیغام رسانی نہیں کریں گے عوام کے علم میں لاکر بات کریں گے۔ ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ اجازت کے بغیر اسٹیبلشمنٹ سے کوئی نہیں ملے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت کے پاس کورونا کے خلاف کوئی مؤثر پالیسی نہیں ہے، کورونا کی وجہ سے اظہار رائے پر پابندی نہ لگائی جائے، اپوزیشن لانگ مارچ ضرور کرے گی ہم جلسوں اور لانگ مارچ کے عزم پر قائم ہیں۔ ہم نے جلسوں میں عوامی رائے کا اظہار کرنا ہے۔