بھارت واقعی ایک فاشسٹ ریاست ہے‘ خطے کو ایٹمی جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے

58

 

اسلام آباد (رپورٹ:میاں منیر احمد)بھارت واقعی ایک فاشسٹ ریاست ہے‘ خطے کو ایٹمی جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے‘ انتہا پسند ہندوئوں کا ملک بن کر رہ گیا‘ اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے‘ دہشت گرد ی کے شواہد نئی دہلی کو اے ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے لیے کافی ہیں‘ بھارت کو پاکستان کی ترقی کا کوئی منصوبہ ہضم نہیں ہوتا۔ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ کوئی شک ہی نہیں کہ بھارت واقعی ایک فاشسٹ ریاست ہے‘ پاکستان نے بھارتی دہشت گردی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دہشت گردی کے ثبوت عالمی طاقتوں کو فراہم کر دیے ہیں‘ دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ بھی دی گئی‘ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے‘ سفیروں کو باور کرایا گیا کہ بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں‘ پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی
دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور عالمی ادارے پاکستان کی فراہم کردہ ٹھوس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کریں‘ بھارتی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے پیش کردہ ثبوت پر بھارتی وزارت خارجہ کی تردید اب بے معنی ہے کیونکہ بھارت مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے وہ مختلف ہتھکنڈوں اور غیر واضح اور من گھڑت دلائل کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب بہت آئیں بائیں شائیں کر رہا ہے‘ حقائق بدلے نہیں جا سکتے ڈوزیئر میں ٹھوس ثبوت‘ شواہد اور بھارتی نیٹ ورک کی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق وڈیو اور آڈیو کلپس کے ذریعے اقوام عالم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارت کے فاشسٹ ملک ہونے کا یہی سب سے بڑا ثبوت ہے کہ ہمیں بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی کفالت کے نتیجے میں شدید نقصانات کا سامنا ہے‘ بھارت منافقانہ انداز میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی سے متعلق الزامات لگا کر بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرتا ہے‘ بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر اور اپنے ملک کے اندر جھوٹے فلیگ آپریشن کیے‘ وہ نقاب اُٹھ چکا ہے اور دنیا بھارت کا اصل چہرہ دیکھ سکتی ہے‘ جبکہ مکہ مسجد‘ اجمیر درگاہ اور سمجھوتہ ایکسپریس حملے جیسے دہشت گردی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ سوامی مانند کو مکمل ریاستی تحفظ حاصل ہے جسے اعتراف کے باوجود وہاں کی عدالتوں نے بری کیا ہے۔سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے‘ ایٹمی جنگ خودکشی ہے تاہم بھارت سمیت پوری دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتی ہے‘ بھارتی اقدامات ناکام بنانے کے لیے متحد ہونا ہو گا‘ پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں‘ بھارت مقبوضہ کشمیر، پاکستان کے سرحدی علاقوں، کنٹرول لائنز کے آس پاس جو کچھ کر رہا ہے پوری دنیا جانتی ہے‘ حقوق انسانی کی عالمی تنظیمیں بھی اس کے کردار کو بے نقاب کر چکی ہیں‘ بھارتی دہشت گردی کے شواہد اس کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے لیے کافی ہیں‘ بھارت کے جارحانہ مذموم عزائم سے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں پڑ چکا ہے‘ اس خطے کو بھارت ایٹمی جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے‘ پاکستان اپنے دفاع کا حق بھی رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت دشمن کا منہ توڑنے کی پوری صلاحیت سے بھی مالا مال ہے لہٰذا دنیا کو بھارتی جنگی جنون کا ادراک ہی نہیں اس کا فوری علاج بھی کرنا چاہیے۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے رکن پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب زادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے‘ پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کو پیش کردیے ہیں‘ اب دنیا بھارتی مذموم مقاصد کا نوٹس لے‘ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے شواہد پر دنیا مزید خاموش نہیں رہ سکے گی ‘ پاکستان کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے جو ٹھوس شواہد پیش کیے ہیں ان کا کچھ حصہ پہلے بھی کسی نہ کسی انداز میں سامنے آتا رہا ہے‘ان میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کا اندوہناک واقعہ بھی شامل ہے‘ جو 2014ء کو ہوا تھا اس میں بھارت پوری طرح ملوث تھا‘ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی پر حملے کو تو ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا‘ پی سی ہوٹل گوادر اور اس حملے میں گہری مماثلت پائی جاتی تھی‘ اسی سے اندازہ بھی ہو جاتا تھا کہ اس کی منصوبہ بندی بھی بھارت ہی نے کی‘ بلوچستان میں دہشت گردی کی جو وارداتیں ہوتی رہی ہیں‘ اب تو دستاویزی ثبوت بھی سامنے آ گئے ہیں۔ ممتاز تجزیہ کار صابرشاکر نے کہا ہے کہ ہمیں کسی قسم کا بھی شک نہیں ہے کہ بھارت ایک فاشسٹ ریاست ہے‘ وہاں مسلمانوں، تمام چھوٹی ذاتوں‘ عیسائیوں اور سکھوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے‘ بھارت صرف انتہا پسند ہندوئوں کا ملک بن کر رہ گیا ہے‘ اقلیتیں انتہا پسند ہندوئوںکے ظلم کا شکار ہیں‘ ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے ابھی حال ہی میں جس طرح شہریت ایکٹ لایا گیا ہے اور رجسٹریشن کی جا رہی ہے اس سے ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت صرف انتہاء پسند ہندوئوں کا ملک ہے‘ مغربی ممالک‘ انسانی حقوق تنظیموں نے بھی یہ رائے دینا شروع کردی ہے کہ بھارت انتہا پسند ملک ہے وہاں چھوٹی ذاتوں کے لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے‘ بھارت کا بیانیہ اب یہ بن چکا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دشمنی کی بنیاد اور نعرے پر اپنے اندر اتحاد پیدا کیا جائے‘ یہ بیانیہ ہر لحاظ سے ہمارے لیے چیلنج بن گیا ہے اور بھارت کا یہی بیانیہ ہمیں اپنے اندر بھی اتحاد پیدا کرنے اور ملکی اور قومی سلامتی کے لیے ایک ہو جانے کا تقاضا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر بارک اوباما کی کتاب مطالعہ کیا جائے تو ہمیں پتا چلتا ہے کہ وہ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ بھارت صرف انتہا پسند ہندوئوں کا ملک ہے وہاں پر اقلیت کے لیے زندگی اجیرن بنائی جا رہی ہے اور ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے‘ ہمیں بھارت کے بیانیے کے خلاف قومی یک جہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ فیڈیشین آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ممبر جنرل باڈی سعید احمد چودھری نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک اور شبہ نہیں ہے کہ بھارت ایک فاشسٹ ریاست بن چکا ہے‘ بھارت میں چھوٹی نچلی ذاتوں کے ساتھ وہاں جو سلوک ہو رہا ہے یہ بات اس کے لیے کافی ہے کہ بھارت ایک فاسشٹ ریاست ہے‘ وہاں انسانی حقوق اور انسانی اقدار کی کوئی قدر اور قیمت نہیں ہے اور نہ بھارت کی حکومت کو اس کا احساس ہے وہاں مسلمانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ نچلی ذاتوں کے ساتھ بھی ظلم ہو رہا ہے‘وہاں سوچ صرف یہ ہے کہ حکومت اور اقتدار کا حق صرف براہمن برادری کے پاس ہے اور اسے حق حکمران حاصل ہے‘حکومت انسانی حقوق کی پاس داری نہیں کر رہی اور نہ کرنا چاہتی ہے یہی ایک فاشسٹ ریاست کی پہچان ہوتی ہے اور دنیا کو بھارت کا یہ اصل چہرہ لازمی دیکھنا چاہیے‘ اس کے توڑ کے لیے پاکستان کو چاہیے کہہم دنیا بھر میں اپنے سفارتی مشنز مضبوط بنائیں اور بھارت کے اس کردار اور رویے کے خلاف عالمی برادری کے سامنے اپنا مقدمہ بہتر انداز میں پیش کریں اور ہمیں چاہیے کہ ہم میڈیا اور شوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعے اقوام عالم میں یہ بات عام کریں کہ بھارت ایک فاسشٹ ریاست ہے۔ ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے نمائندہ خصوصی سید عبد اللہ گیلانی نے کہا کہ بھارت کی ریاست کا کردار ہی ایک فاشسٹ ریاست کا ہے ‘ وہاں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہوتا ہے اور یہ سب کچھ ریاستی سرپرستی میں ہوتا ہے ‘ جو ریاستیں بھارت کے اس کردار کے باوجود اس کے ساتھ اپنے مفاد کے لیے سفارتی تعلقات رکھتی ہیں اور بھارت کے ظلم پر خاموش رہتی ہیں وہ بھی ایک فاشسٹ بھارت کے لیے سہولت کار بنی ہوئی ہیں کیونکہ وہ حقائق جاننے کے باوجودجان بوجھ کر اپنے مفادات کے لیے ہی خاموش ہیں اور صرف اپنا مفاد ہی انہیں عزیز ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (دستور) کے صدر نواز رضا نے کہا ہے کہ بھارت فی الواقع عالمی نمبرون دہشت گرد ہے‘ ابھی گزشتہ ماہ ہی ایک امریکی جریدے نے بھی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دنیا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کا ملوث ہونا ثابت کیا ہے اور اسے عالمی نمبرون دہشت گرد قرار دیا ہے‘ پاکستان کے خلاف اس کے دہشت گردانہ عزائم کی تو کوئی انتہا نہیں جس کی بنیاد بھارت کی ہندو لیڈر شپ نے قیام پاکستان کے وقت ہی تقسیم ہند کے فارمولا کے برعکس کشمیر پر اپنا تسلط جما کرکی تھی‘ وہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے درپے ہے اس لیے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا ضامن کوئی منصوبہ اسے ہضم نہیں ہوتا اور وہ اسے سبوتاژ کرنے کے درپے رہتا ہے‘ بھارت نے اسی بدنیتی کے تحت پاکستان پر 3 جنگیں مسلط کیں‘ ہمیںسقوط ڈھاکا سے بھی دوچار کیا اور پھر باقی ماندہ پاکستان کی سلامتی کے بھی درپے ہو گیا جس کے لیے اس نے ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرکے جدید روایتی اور ایٹمی ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ڈھیر لگائے‘ اس نے پاکستان پر آبی دہشت گردی مسلط کرنے کی بھی سازشیں کیںاس مقصد کے لیے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ نے اپنے حاضر سروس جاسوس دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے ذریعے بلوچستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم کیا اور اسے پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کا ٹاسک بھی سونپا اس نیٹ ورک نے پاکستان میں لسانی‘ فرقہ واریت اور قومیت پرستی کی بنیاد پر بھی پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کی جس کا کلبھوشن یادیو نے اپنی گرفتاری کے بعد خود اعتراف کیا ہے۔