نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے پاکستان آنے پر کوئی قدغن نہیں شبلی فراز

62
اسلام آباد: وفاقی وزراء سینیٹر شبلی فراز اور خسروبختیار مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ نواز شریف سمیت شریف خاندان کے تمام افراد کو ان کی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی پابندی نہیں ہے اپوزیشن ملک میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے جلسوں کو محدود کرے حکومت وبا کی روک تھام کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر اور وفاقی وزیر اکنامک افیرزخسرو بختیار بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت نے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دی ہے اسی طرح میاں نواز شریف سمیت ان کے بیٹوں اور خاندان کے دیگر افراد کو بھی پاکستان آنے کی اجازت
ہے تاکہ وہ بھی مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کرسکیں۔ اس موقع پر وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہاکہ بیرون ملک سے چینی کی درآمد اور کرسنگ سیزن شروع ہونے کے بعد چینی کی فی کلو قیمت میں 10سے 12روپے تک کمی واقع ہوئی ہے اور اس میں مزید کمی واقع ہوگی، حکومتمستقبل میں چینی کی قیمت متوازن رکھنے کے لیے شوگر ملز سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار نے کہاکہ ملک میں گزشتہ 2 سال سے گندم کی پیداوار میں کمی اور کھپت میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے کمی کو پورا کرنے کے لیے گندم درآمد کی جارہی ہے جس سے 10 دن کے دوران گندم کی 40کلو گرام بوری کی قیمت میں 200 روپے کی کمی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر گندم اور چینی سمیت دیگر اجناس کی قیمتوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے اور اس کمیٹی کی سفارشات کی وجہ سے اندرون ملک اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی واقع ہورہی ہے،اگلے 4 ماہ کے دوران گندم کی درآمد سے ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کی ذمے دار سندھ حکومت ہے جو ابھی تک طے شدہ فارمولے کے تحت فلور ملز کو گندم فراہم کرنے کا ٹاسک پورا نہیں کر سکی ہے۔