عظیم فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا انتقال کرگئے

113

بیونس آئرس:ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا 60 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر  ڈیاگو میرا ڈونا  کا انتقال گھر پر ہی حرکت قلب بند ہونےکے سبب ہوا، میرا ڈونا کی دو ہفتے قبل دماغ کی کامیاب سرجری ہوئی تھی،جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ ڈیاگو میرا ڈونا کا شمار فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انہوں نے ارجنٹینا کو 1986 کا ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ اس ورلڈ کپ میں ٹیم کے کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہے تھے، نیز انہیں اسی ورلڈ کپ کے بہترین فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

انہی کی قیادت میں ارجنٹیا نے 1990 کے ورلڈ کپ میں فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، جہاں انہیں مغربی جرمنی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے 4 ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کی، ارجنٹینا کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 91 میچز میں 34 گول اسکور کیے، میرا ڈونا نے کیریئر کے دوران شہرہ آفاق کلب اسپینش فٹبال کلب بارسلونا، اٹالین کلب نیپولی اور بوکا جونیئرز کی نمائندگی کی۔