کندھکوٹ ، گیس کا بحران شدت اختیارکر گیا، شہری سخت پریشان

12

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ شہر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہری سخت پریشان۔ سول سوسائٹی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے آواز بلند کرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور سوئی گیس انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ گھریلو امور سخت متاثر ہوگئے، تحریک چلانے کا اعلان۔ کندھکوٹ کے علاقے سے گیس نکلنے کے باوجود یہاں کے عوام گیس کی سہولیات سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔ شہر کے اکثر محلّوں میں گیس کی بندش روز کا معمول بن گئی ہے۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں کھانا پکانے میں خواتین کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ شہری، سول سوسائٹی اور سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے سوئی گیس کے حوالے سے آواز بلند کرنے کے باوجود شہر میں سوئی گیس بحران ختم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے۔ شہر کے اکثر محلّوں میں گیس بند ہے، عوام اس جدید دور میں بھی لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے شہری مولوی محمد ابراہیم خاکی، کامریڈ عباس باجکانی، شاہنواز مرھیٹو، اصغر شیخ، قمرالدین سہریانی ودیگر نے کہا کہ سوئی گیس بندش کیخلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی، اس لیے ہر سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں سے میٹنگیں کی ہیں، شہر میں سردی کے موسم میں جان بوجھ کر گیس بند کر کے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے، پر ہماری ضلعی انتظامیہ اور سوئی گیس انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔