ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار میں موسم سرماکی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا۔ ڈرائی فروٹ میں چلغوزہ 8 ہزار روپے فی کلو جبکہ مونگ پھلی کی قیمت 500 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پستہ، بادام، اخروٹ، خشک خوبانی، کھجور، کاجو اور خشک انجیر کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، اشیائے خورونوش کے ساتھ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ٹنڈوالہٰیار میں موسم سرما کی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی ڈرائی فروٹ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے ڈرائی فروٹ کے تاجروں نے من مانا اضافہ کردیا ہے۔ مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق چلغوزے کی فی کلو قیمت 8 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کچا چلغوزہ 4 ہزار روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ اعلیٰ کوالٹی کا پستہ 1 ہزار روپے جبکہ درمیانہ کوالٹی کا پستہ 1500 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ کاجو کی قیمت 2100 روپے کلو سے بڑھا کر 2500 روپے فی کلو ہوچکی ہے، کاغذی بادام کی قیمت 700 روپے فی کلو سے بڑھا کر 1000 روپے فی کلو ہوچکی ہے۔ کاغذی اخروٹ 350 روپے کلو سے بڑھ کر 700 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ خشک انجیر کی قیمت میں 250 روپے کلو اضافہ کردیا گیا جس کے بعد انجیر 1000 روپے کلو ہوچکی ہے۔ خشک خوبانی کی قیمت 350 روپے کلو سے بڑھا کر 7 سو روپے کلو کردی گئی ہے۔ 200 روپے فی کلو ملنے والی کھجور کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ 50 روپے پر ملنے والی مونگ پھلی 100 روپے پائو فروخت کی جارہی ہے۔ مارکیٹ میں جگہ جگہ ڈرائی فروٹ کے اسٹال موجود ہیں لیکن خریدار ڈرائی فروٹ کی قیمتیں سن کر پریشان ہوجاتے ہیں اور خریداری نہیں کرتے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں کا تعین کرنے کے لیے نظام متعارف کرایا جائے تاکہ سردی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے شہری ڈرائی فروٹ کا استعمال کرسکیں۔