غلام محی الدین عاصم کا تبادلہ منسوخ کیا جائے، اصغر علی خان

36

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری اصغر علی خان یوسفزئی نے اپنے بیان میں ریجنل ڈائریکٹر انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز غلام محی الدین عاصم کے تبادلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام محی الدین عاصم ایک غیر متنازع افسر ہیں، جنہوں نے حیدر آباد ریجن میں سات ماہ کی مختصر تعیناتی کے دوران اپنی محنت لگن، علم دوستی اور خلوص سے حیدر آباد ریجن کے تعلیم دوست لوگوںکے دل جیت لیے جبکہ اسکولوں کے مسائل فوری حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل تھا اور اپنی مدت کے اتنے کم عرصے میں آفس کے تمام معاملات کو بھی بہتربنایا جبکہ مذکورہ تعلیم دوست افسر بغیر کسی بھی معاملات کے بذاتِ خود اسکول مالکان کو اپنے آفس بلا کر رجسٹریشن اور رینیول کے آڈرز لیٹرز دے دیتے تھے جن کی بہتر کارکردگی پر حکومت کو انہیں پروموشن دینا چاہیے تھا لیکن افسوس کہ ان کی ایمانداری، لگن محنت اور علم دوستی کا صلہ انہیں تبادلہ کرکے دیا گیا۔ اصغر علی خان نے مزید کہا کہ ان کا تبادلہ پرائیویٹ اسکول مالکان کے لیے انتہائی تکلیف دہ عمل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز غلام محی الدین عاصم کا تبادلہ فوری منسوخ کرکے انہیں دوبارہ حیدر آباد ریجن میں تعینات کیا جائے۔