کراچی (آن لائن) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت انقلابی اقدامات کررہے ہیں، ’’لائرز پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر‘‘ بل کا مسودہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسودہ کو تمام وکلا تنظیموں، بار ایسوسی ایشنز کی باہمی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی اور اس مسودہ کو تکمیل کے بعد سندھ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلا ہمارے معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں وکلا کی فلاح و بہبود بلواسطہ طور پر معاشرے کی فلاح سے وابستہ ہے۔ وکلا نے ملک میں آئین کی سر بلندی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اورایک وکیل ہونے کی حیثیت سے میں وکلا کے مسائل کو سمجھ سکتا ہوں مزید برآں پاکستان میں جمہوریت کے پودے کو سیراب کرنے میں وکلا کا کردار لائق تحسین ہے۔