سستے مکانات کی فراہمی کیلیے طریقہ کار وضع کرلیا،چیئرمین نیفڈا

46

کراچی (نمائندہ جسارت) نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی (نیفڈا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) علی حیدر نے کہا کہ ملکی معیشت کے فروغ میں تعمیراتی شعبے کی اہمیت کے پیش نظر کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین فیاض الیاس کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں وا ئس چیئرمین آباد عارف شیخانی، چیرمین سدرن ریجن دانش بن رؤف، الائیڈ پینل آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی، آباد کے سابق چیئرمینز عارف یوسف جیوا، محمد حسن بخشی اور محمد حنیف گوہر و دیگر شامل تھے۔ چیئرمین نیفڈا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے 50 لاکھ گھروں کی فراہمی اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، اسی ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کا اعلان کیا اور گزشتہ سال تعمیراتی شعبے کے لیے مراعاتی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو آسانیاں دینے سے نہ صرف کم آمدنی والے طبقے کو رہائشی سہولت ملے گی بلکہ اس سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا اور لاکھوں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے مکانات کی فراہمی کے لیے طریقہ کار وضع کردیا گیا ہے،سستے گھر کی قسط کو کم سے کم رکھنا سب سے بڑا ایشو ہے،حکومت کی کوشش ہے کے گھر کے لیے قرض کے قسط کو کرایے کے برابر کیا جائے۔ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کی جانب سے گھروں کے لیے قرض کا ہدف کم از کم 5 فیصد کردیا ہے،اس اقدام سے کم آمدنی والا طبقہ بھی اپنا گھر ہونے کا خواب پورا کرسکتا ہے۔ اس موقع پر آباد کے چیئرمین فیاض الیاس نے تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے کاوشوں اور اٹھائے گئے اقدامات پر وفاقی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ آباد کئی دہائیوں سے جو مطالبات کررہی تھی ان پر سابق حکومتوں نے وعدے تو بہت کیے لیکن عملی اقدام کبھی نہیں اٹھایا تاہم موجودہ حکومت نے تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ اور مراعاتی پیکج دے کر ملک کے بلڈرز اور ڈیولپرز کے دل جیت لیے ہیں۔ اس موقع پر محسن شیخانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کے لیے جو پیکج دیا ہے اس سے ملکی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی اور لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا۔ محسن شیخانی نے غریب کے لیے مکان کی ملکیت کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کو غریب اور انسان دوست اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں آباد کے وفد نے ایف بی آر کے چیئرمین جاوید غنی سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر آباد کے رہنمائوں نے تعمیراتی شعبے کے لیے فکس ٹیکس ریجیم متعارف کرانے سمیت دیگر اصلاحات کو سرا ہا اور نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آباد کے وفد نے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر احمد علی سے بھی ملاقات کی اور اسلام آباد میں تعمیرات کے حوالے سے باہمی مشاورت سے تعمیراتی پالیسی پراظہار خیال کیا۔