ماجو کے پہلے ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح

41

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی ( ماجو ) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ماجوکے اپنے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کے قیام کے بعد اب ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اب ہمارے اساتذہ اور دیگر ماہرین اپنے لائیو لیکچرز کے ذریعے آن لائن ایجوکیشن کی ضروریات کو باآسانی پورا کرسکیں گے۔ اسٹوڈیو کے قیام سے لائیو لیکچرز کے ذریعے کلاسز اور ٹاک شوز کا اہتمام بھی کیا جا سکے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی کیمپس میں ماجوکے پہلے ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جو کہ نجی شعبہ کی یونیورسٹیوں میں قائم کیا جانے والا اپنی نوعیت کا پہلا ریکارڈنگ اسٹوڈیو ہے۔ ماجو کے اسٹوڈیو میں ریکارڈنگ اور ایڈیٹنگ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ گرین کروم، لائٹ اور وائٹ بورڈ لیکچرز ریکارڈنگ بھی کی جا سکے گی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر شعبہ جاتی سربراہان اور سینئر فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اب بہت تیزی کے ساتھ تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، آج کے دور میں ڈیجیٹل میڈیا کے توسط سے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر انحصار بڑھتا جارہا ہے ، خاص طور پر کووڈ 19 وبا بیماری کے عالمی بحران کی بنا پر تعلیمی اداروں کی بندش کے نتیجے میں آن لائن تعلیم کی بنا پر اکیڈمک کیلنڈر وقت پر مکمل کرنا بہت آسان ہوگیا ہے اور طلبہ اب بازار جاکر درسی کتابیں خریدنے کے بجائے ڈیجیٹل لائبریریوں سے اپنی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔