اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھوڑ سکتے ہیں لیکن کشمیر اور فلسطین کے مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کو حل کیے بغیر معاملات آگے نہیں برھ سکتے، دیرینہ مسئلوں کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسلامی عالمی برادری متحدو منظم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے کسی ذمے دار نے سعودی
عرب کا دورہ نہیں کیا، ہمارے وزیرخارجہ او آئی سی کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے جدہ میں آئل ڈپو پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، حرمین شریفین کے تقدس کے لیے پاکستان کا تعاون ہمیشہ رہا ہے۔طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا کے باعث تمام اجتماعات منسوخ کیے جائیں،مذہبی ہم آہنگی کے سلسلے میں گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے توہین رسالت کے واقعات میں کمی آئی ہے، موجودہ حکومت نے ختم نبوت کو تقویت دی۔ تمام غیر مسلموں کا تحفظ ہماری ذمے داری ہے، محرم سے قبل ملک میں مذہبی انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی لیکن حکومتی کوشش سے یہ منصوبہ ناکام بنا دیا۔