تھرکول منصوبہ توانائی کی طلب پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا‘ممتازعلی

40

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ سے پاکستان کسٹمز سروس کے زیر تربیت افسران کی ملاقات، جس میں زیر تربیت کسٹمز افسران کو تھرکول، پولیس اور کراچی کے میگا منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ تھر کول بلاک-VI پروجیکٹ توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں نہایت مددگار ثابت ہوگا۔ بلاک 6 میں موجود کوئلے کو گیس، یوریا/ کھاد اور مائع (ڈیزل) میں تبدیل کیا جائے گا۔ ان اشیا کی درآمد پر خرچ کیا جانے والا خطیر ذرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے۔ کراچی میں امن وامان بحال ہوا ہے اب شہر کے انفرااسٹرکچر پر کام ہو رہا ہے۔ امن کی بحالی سے شہر میں تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔سال 2020-21 ء میں 232.94 روپے 2246 ترقیاتی منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔ کراچی نیبرہوڈ امپروومینٹ پروجیکٹ، کلک، کراچی واٹر سیوریج امپروومینٹ پروجیکٹ، بی آر ٹی سمیت دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ کراچی 2013 ء میں دنیا کے خطرناک شہروں میں 6 نمبر پر تھا اب 60 خطرناک شہروں میں بھی کراچی نہیں۔ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اسٹاک ایکسچینج کا حملہ ناکام بنایا تھا۔پولیس نے کسٹم کے ساتھ مل کر اسمگلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث 11057 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔