کراچی(اسٹاف رپورٹر)بن قاسم ٹاؤن میں ویٹر کی کنپٹی پر پستول رکھ کر بھتا طلب کرنے اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ کرنیوالا بھتا خور پکڑا گیا، ملیر میں علاقہ مکینوں نے 2ڈاکوؤ ں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم ٹاؤن پولیس نے لینڈ گریبر بھتا خور، منشیات فروشی اور اغوابرائے تاوان سمیت دیگرمقدمات 2سال سے مطلوب ملزم شوکت جٹ کو گرفتارکرلیا جس نے 21نومبر کوشاہد شاہ نامی ہوٹل میں گھس کر کام کرنے والے ویٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا، ہوٹل کے برتن توڑے اور ویٹر کی کنپٹی پر پستول رکھ کر بھتا طلب اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی تھی۔ اس واقعے کا مقدمہ شاہد شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملیر کے علاقے سالا ر گوٹھ میں لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تشدد کانشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوا لے کردیا ، ملزمان کے قبضے سے پولیس نے ایک ٹی ٹی پستول ، موبائل فونز ، نقدی اور 125موٹرسائیکل برآمد کرلی۔