گستاخانہ خاکوں کیخلاف تاجر برادری سڑکوں پر آگئی،ہڑتال ،احتجاجی ،ریلیاں

80
حیدرآباد:گستاخانہ خاکوںکیخلاف تاجر برادری کی ہڑتال اور مختلف مقامات پراحتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور حیدرآباد کی تاجر تنظیموں کی اپیل پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تاجر برادری نے دن ایک بجے تک کاروباری مراکز بند رکھے اور احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ۔ مسلم کلاتھ مرچنٹ یونین کے غلام قادر کھتری کی جانب سے منعقدہ احتجاجی ریلی سے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہد حسین شیخ ، سینئر نائب صدر محمد وسیم جی ، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے زونل انچارج محمد ظفر صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوںسے مسلمانوں کی دل آ زاری ہوئی ہے ، تمام مسلمان خواب غفلت سے بیدار ہوں اور فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ، تاجر برادری حضرت محمد مصطفی کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کرےگی ۔ استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ اسلام میں توہین رسالت کی سزا موت کے سوا کچھ نہیں ، یورپ اور مغربی ممالک مہذب ہونے کا لبا دہ اوڑھے پھرتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ نبی کریم کی شان میں گستاخی اور شعائر اسلام کے خلاف بغض نے ان کے مکروہ چہرے بے نقاب کر دیے ہیں ، فرانس میں گستاخانہ خاکوںکی اشاعت امت مسلمہ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔ الرحیم شاپنگ سینٹر یونین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اسمٰعیل شیخ نے کہا کہ تاجر برادری گستاخانہ خاکوںکی اشاعت کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ گستاخانہ خاکوںکے خلاف حیدرآباد فرنیچر ڈیلرز ایسو سی ایشن کے صدر جاوید اقبال ، انجمن تاجران تلک چاڑی کے جنرل سیکرٹری ارشد افضل، حیدرآباد صرافہ اینڈ جیوئیلرز ایسو سی ایشن کے صدر محمد شکیل شیخ ، جامع کلاتھ مارکیٹ یونٹ نمبر 8کے صدر سرور بنگش ، اولڈ پارٹس ڈیلرز ایسو سی ایشن کے نائب صدر زاہد گل قریشی ، سلائی مشین ایسو سی ایشن کے صدر حاجی صدیق میمن ، اقبال شیخ ، ہول سیل فروٹ مرچنٹ کمیشن ایجنٹ کے گروپ صدر ضیا الدین ، نائب صدر محمد علی ، جنرل سیکرٹری حاجی اختیار احمد آرائیں، کنوینر ایکشن کمیٹی فروٹ مارکیٹ محمد آصف ، انجمن تاجران سٹی کالج روڈ کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد شریف ، چیئر مین یوسف میمن اسلامیہ کلاتھ مارکیٹ ، ایکشن کمیٹی عظیم الشان کلاتھ مارکیٹ ، حیدرآباد گلاس بینگلز ایسو سی ایشن ، انجمن تاجران خان کلاتھ مارکیٹ ، حیدرآباد جنریٹر سپلائی ایسو سی ایشن ، کٹ پیس کلاتھ و جنرل مرچنٹ ایسو سی ایشن، حیدرآباد پرنٹنگ انڈسٹری ایسو ایشن کے صدر الطاف شیخ ، جنرل سیکریٹری وجاہت عبا س تقوی ، قاسم آباد بزنس فورم کے صدر رحمت اﷲ ساند ، شوپارٹس مارکیٹ کے صدر علی عباس ، موبائل مارکیٹ کے عبدالقادر سہروردی ، ماربل مارکیٹ کے صدر راحیل قریشی ودیگر تاجر رہنماﺅںنے اپنی مارکیٹوں میں احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیااور شہر بھر میں گستاخانہ خاکوں کی اشا عت کے خلاف بینر آویزاں کرتے ہوئے اپنااحتجاج ریکارجڈ کروایا۔