گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے عہدے کا حلف اٹھالیا

72
گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان حلف لے رہے ہیں

گلگت (صباح نیوز)گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے حلف لیا۔ حلف برداری اسمبلی ہال گلگت میں منعقد ہوئی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام33ارکان نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔گلگت بلتستان اسمبلی میں تحریک انصاف16جنرل اور6مخصوص نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پیپلز پارٹی نے2 مخصوص نشستوں سمیت5نشستیں حاصل کی ہیں۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت3نشستیں حاصل کی ہیں۔ ایک آزاد رکن اور ایک جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رکن نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔دوسری جانب گلگت بلتستان کے نو منتخب ارکان نے گرینڈ اپوزیشن الائنس تشکیل دے دیا ہے۔وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ امیدواران ہوں گے۔