اعزاز پٹیل کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی انجری کا شکار

99

ہیملٹن(جسارت نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈرکولن ڈی گرینڈ ہوم دائیں پائوں میں چوٹ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ‘ اسپنر اعزاز پٹیل بھی انجری کے باعث ابتدائی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آل رائونڈر ڈیرل مچل کو ڈی گرینڈ ہوم کی جگہ طلب کرلیا گیا ہے جبکہ اعزاز پٹیل کی جگہ مچل سینٹنر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ہیملٹن ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ ٹم سائوتھی ٹی ٹوئنٹی میچ میں حصہ نہیں لیں گے ان کی جگہ سینٹنر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کا کپتان بھی نامزد کیا گیا۔ سینٹنر اور ڈیرل مچل ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے دو دن قبل اسکواڈ میں شامل ہو جائیں گے۔ بدھ کو اپنے بیان میں نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ کولن ڈی گرینڈ ہوم اور اعزاز پٹیل کے ان فٹ ہونے سے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ پر بڑا اثر پڑے گا۔ شیڈول سخت اور مشکل ہے‘ انجریز مسائل ہمارے لئے چیلنج ہیں۔ سینٹنر اور ڈیرل آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ ہم ان کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ وہ ٹیسٹ سیریز سے پہلے فٹ اور تازہ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مچل سینٹنر کو کپتانی کا اعتراف کرتا ہوں‘ یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور سینٹنر نے گزشتہ پانچ سالوں میں بہترین بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور وہ پرسکون رہنے والے کھلاڑی ہیں۔ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کا تیسرا اور آخری کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگیا ہے۔